◼️واشنگٹن/ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 جنوری 2025 ء کو دھمکی دی تھی کہ اگر 20 جنوری سے قبل حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بنا دیں گے۔ ان کے اِس بیان کی تفصیل جیو نیوز کی ویب سائٹ پر موجود ہے نیز العربیہ اردو کی ویب سائٹ پر بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
اللہ رب العزت کی قدرت دیکھیے! جس دن یہ دھمکی دی گئی، اُسی روز یعنی 7 جنوری 2025 ء کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سب سے بڑے شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے پیسفک پیلیسیڈز کے جنگلات میں ایک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شہر کا رخ کرلیا اور لاس اینجلس میں لاکھوں گھروں اور مکانات کو راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا۔
امریکہ، جو خود کو دنیا کی سپر پاور قرار دیتا ہے، اس قدرتی آفت کے سامنے بے بس ہوگیا ہے اور 12 ہزار آگ بجھانے کا عملہ، 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 پانی کے ٹینکروں کی انتھک کوششوں کے باوجود تاریخ کی اس بدترین آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پر قابو پانے میں مزید کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
🔖 14 جنوری تک میڈیا رپورٹس کے مطابق:
- تقریباً 40,000 ایکڑ رقبہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے۔
- 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کئی لاپتہ ہیں۔
- 12,000 سے زائد مکانات اور عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
- 200,000 سے زائد افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
- جبکہ آئندہ ہفتہ خراب موسم کی وجہ سے کئی نئی آبادیاں آگ کی لپیٹ میں آنے کا اندیشہ ہے جسکی بنا پر مزید ایک لاکھ 66 ہزار افراد کو انخلا کی وارننگ دے دی گئی ہے
فلمی دنیا (ہالی ووڈ) کے معروف اداکار جن میں مارک ہیمل، مینڈی مور اور جیمز ووڈز شامل ہیں، اپنے قیمتی گھروں سے محروم ہو چکے ہیں اور دیگر ہزاروں افراد کے ساتھ محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ ان کے عالیشان محل نُما گھروں کو آگ نے کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے۔
اس موقع پر جن لوگوں نے نقلِ مکانی کی تھی، وہ اب حسرت بھری نگاہوں سے ٹی وی پر اپنے گھروں کو جلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ جلے ہوئے مکانات کی طرف دوبارہ رخ کر رہے ہیں جہاں دھواں اٹھ رہا ہے اور وہ اپنے گھروں کو دیکھ کر غم سے نڈھال ہو رہے ہیں۔
ایسے نازک حالات میں لوٹ مار کے واقعات بھی کثرت سے ہو رہے ہیں جس کی بنا پر متاثرہ علاقوں میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
الغرض اللہ کی قدرت کے سامنے دنیا کا سُوپر پاور بے بس ہے اور اس واقعہ میں انسانیت کے لیے غور و فکر کا مقام ہے۔